مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 20 جولائی2020ء) جنوبی پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح مظفرگڑھ میں بھی کپاس کی فصل پر سفید مکھی اور سبز تیلے کا حملہ، سفید مکھی اور سبز تیلے کے حملے سے کپاس کے ٹینڈے اور پتے کالے ہونے لگ گئے۔ فصل پر بیماری کا حملہ ہوتے ہی شہر میں جعلی زرعی ادویات کی فروخت بھی شروع ہو گئی ہے۔اللہ یار،خدابخش،فیض محمد،غلام رسول اور دیگر کسانوں نے بتایا کہ جعلی ادویات کی وجہ سے فصل پر متعدد اسپرے کرنے سے بھی بیماری ختم نہیں ہوئی، پیسہ بھی ضائع ہو گیا اور فصل بھی تباہ ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس، بے وقت کی بارشوں اور ٹڈی دل کے حملوں کی وجہ سے کسان پہلے ہی بدحال تھے اب کپاس کی فصل پر بیماری کے حملے اور جعلی ادویات نے رہی سہی کسر بھی پوری کردی ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے کسانوں کیلئے فوری طور پر ریلیف پیکج کا اعلان کرنے اور جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔