مظفرگڑھ، کنٹرولر پیک کی منظوری کے بغیر ہی امتحان شیڈول ، سکول سربراہان کا احتجاج

مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 28 جنوری2019ء) محکمہ تعلیم مظفرگڑھ میں تعینات کلرک مافیا کا کارنامہ ,کلرکوں نے پیک کے تحت ہونے والے جماعت پنجم اور ہشتم کے امتحانات کے لئے امتحانی عملہ اور سپرنٹنڈنٹس کے آرڈرز کنٹرولر پیک امتحانات مظفرگڑھ کے دستخطوں اور منظوری کے بغیر ہی جاری کر دئیے، جبکہ درجنوں ہائی اور مڈل سکولوں کے تمام سٹاف بالخصوص ایس ایس ٹی اساتذہ کی امتحانی ڈیوٹیاں لگا دیں، اور احکامات سکول سربراہوں کو بلا منظوری بجھوا دیئے، جس پر سکول سربراہوں نے کنٹرولر پیک سے رابطہ کرکے ان احکامات پر احتجاج کیا اور بتایا کہ اس طرح ان کے سکول تو پنجم اور ہشتم کے امتحانات کے دوران عملاً بند ہو جائیں گے۔نویں اور دسویں کلاسسز کے تمام ایس ایس ٹی اساتذہ کی ڈیوٹی لگادی گئی ہے، جبکہ ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں تعلیمی ایمرجنسی لگا رکھی ہے۔آرڈرز کے جاری ہونے پر کنٹرولر پیک مظفرگڑھ حیران رہ گئے کہ ابھی تو منظوری دی ہی نہیں گئی، چنانچہ بلا منظوری اور گائیڈ لائین کے آرڈرز جاری کرنے پر جب کنٹرولر امتحانات ملک رفیق مونڈ نے جنرل برانچ اور سپرٹنڈنٹ پیک امتحانات کی سخت سرزنش کی تو عملہ نے اپنی غلطی تسلیم کرنے اور درستگی کرنے کی بجائے ایپکا یونین کی آڑ لیکر ہڑتال کر دی ، تاہم بعد ازاں سی ای او فیاض بزدار کی مداخلت پر ڈیوٹی احکامات کی درستگی کر دی گئی۔دریں اثناء رابطہ کرنے پر ملک رفیق مونڈ نے بتایا کہ انہوں نے ایڈیشنل چارج چھوڑ دیا ہے، نئے کنٹرولر پیک ڈی ای او سیکنڈری نے پیر سے چارج لے لیا ہے لہذا ان سے رابطہ کریں، اب وہ کنٹرولر پیک نہیں ہیں، وہ گورنمنٹ ہائی سکول خان گڑھ میں بطور پرنسپل کام کر رہے ہیں۔