مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 19 فروری2022ء) ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی رفاقت علی نسوآنہ کے مطابق گزشتہ 2 دنوں میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے مظفرگڑھ کے مختلف علاقوں میں کاروائیاں کرتے ہوئے 4270 لیٹر دودھ چیک کیا جس میں سے 630 لیٹر دودھ مضر صحت پا کر تلف کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ کارروائیاں خفیہ اطلاع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشن کی نگرانی میں مظفرگڑھ،غازیگھاٹ اور ہیڈ محمد والا کے علاقوں میں ناکے لگا کر کی گئیں،جدید لیکٹوسین مشین سے دودھ کو چیک کیا گیا،630 لیٹر دودھ میں کیمیکلز اور پانی کی ملاوٹ پائی گئی، فوڈ اتھارٹی کی ٹیموں نے اس مضر صحت دودھ کو موقع پر ہی تلف کر دیا،انہوں نے بتایا کہ یہ مضر صحت دودھ شہر میں مختلف ڈیری شاپس پر سپلائی کیا جاتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو صاف ستھری غزائی اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنانے کےلئے پنجاب فوڈ اتھارٹی ملاوٹ مافیا کے خلاف کاروائیاں مستقل بنیادوں پر جاری رکھے گی۔انہوں نے عوام سے پنجاب فوڈ اتھارٹی سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے علم میں ملاوٹ مافیا کی کوئی کاروائی آئے تو وہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے قریبی دفتر سے رابطہ کریں یا اتھارٹی کی ویب سائٹ پر اطلاع دیں-