مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 04 جولائی2020ء) پانی کی عدم دستیابی سے ہزاروں ایکڑ رقبہ غیرآباد، کسان سراپا احتجاج بن گئے۔ تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کے نواحی قصبہ خانگڑھ کے قریب مونڈکا مائینر کی ٹیل پر پانی کی عدم دستیابی سے 5 مواضعات کا ہزاروں ایکڑ رقبہ غیرآباد ہو چکا ہے۔
فیض علی،رحیم بخش،مظفرقریشی،جمیل آلرحمان،لیاقت ملک و متعدد دیگر اہلیان علاقہ نے بتایا کہ عرصہ 25 سال سے وہ نہری پانی سے محروم ہیں، بااثر زمینداروں نے راستے میں غیرقانونی موگے لگا رکھے ہیں جن کی وجہ سے پانی ٹیل تک نہیں پہنچ پاتا اور 5 مواضعات کا ہزاروں ایکڑ آباد رقبہ اب پانی نہ پہنچنے کی وجہ سے بنجر اور غیر آباد ہو چکا ہے، درخت سوکھ چکے ہیں اور زیر زمین پانی بھی کڑوا ہو چکا ہے جسے مویشیوں تک نے پینا چھوڑ دیا ہے۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ امجد شعیب ترین سے صورتحال کا فوری نوٹس لے کر پانی چوروں کے خلاف کارروائی کرنے اور مونڈکا مائنر کی ٹیل تک پانی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔