مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 31 اکتوبر2019ء) ضلع مظفرگڑھ میں ایسوسی ایٹس انجینئرز اور سب انجینئرز ایسوسی ایشن کی کال پر انجینئرز کی ہڑتال جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی ضلع بھر سے آئے انجینئرز نے محکمہ بلڈنگ کے دفتر میں احتجاجی دھرنا دیا۔احتجاجی سب انجینئرز کا کہنا ہے کہ ایک سب انجینئر کئی سال کی مشکل پڑھائی کے بعد انجینئر بنتا ہے لیکن باقی سرکاری ملازمین کی نسبت انجینئرز کو انتہائی کم مراعات ملتی ہیں سب انجینئرز کو بھی 16واں سکیل دیا جائے جبکہ ڈپلومہ ہولڈرز اور بی ٹیک ٹیکنالوجسٹ کو ٹیکنیکل الاونس جاری کیا جائے۔ان کا مزید کہناتھا کہ انجینئرز کوفوری سروس سٹرکچر جاری کیاجائے اور پبلک ہیلتھ سمیت تمام سرکاری محکموں کے کنٹریکٹ انجینئرز کو مستقل کیاجائے۔انجینئرز نے حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ حکومت انجینئرز کو گروپ انشورنس کی رقم ریٹارمنٹ پر جی پی فنڈ کی طرز پر واپس کرے اور انجینئرز کے ٹائم سکیل کے نوٹیفیکیشن میں سیم سکیل کی بجائے سیم پوسٹ لکھے جبکہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ میں ایس ڈی او اور ایکس ای این کی پوسٹس بحال کرے۔انجنیئرز کا کہنا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے احتجاج جاری رہے گا۔واضح رہے کہ ایسوسی ایٹس انجینئرز اور سب انجینئرز ویلفیئر ایسوسی ایشن نے اپنے مطالبات کے حق میں 28اکتوبر سے 3نومبر تک ہڑتال کا اعلان کررکھاہے۔