مظفرگڑھ۔03 جنوری(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 جنوری2019ء) مظفرگڑھ میں دو معصوم بچیوں کو اغوا کرکے زیادتی کا افسوسناک واقعہ، تھانہ سٹی مظفرگڑھ پولیس نے مقدمہ درج کرکے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا، متاثرہ خانہ بدوش خاندان کا پولیس پر انصاف فراہم نہ کرنے اور ملزمان کی طرف سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کا الزام تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقہ بھٹہ پور میں جھگیاں لگاکر رہائش پزیر خانہ بدوش خاندان کی دو معصوم بچیوں کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں تھانہ سٹی مظفرگڑھ پولیس نے بچیوں کو اغوا کرکے زیادتی کا نشانہ بنانے والے 4افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔دوسری طرف متاثرہ خاندان نے احتجاج کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پولیس 12 سالہ گڑیا اور 5 سالہ پونم کو اغوا کرکے زیادتی کرنیوالے مرکزی ملزمان کو گرفتار نہیں کررہی اور غریب خاندان سے تعلق ہونے کی وجہ سے انصاف فراہم نہیں کیا جارہا اور ملزمان دھمکیاں دے رہے ہیں۔اگر انصاف فراہم نہ کیا گیا تو پورے خاندان سمیت اجتماعی خودسوزی کرلینگے۔ جبکہ پولیس ترجمان کے مطابق بچیوں کے اغوا اور زیادتی کے مقدمہ میں نامزد دو ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ باقی دو ملزم بھی جلد گرفتار ہونگے۔