مظفرگڑھ،گورنمنٹ مڈل سکول میں کھوکھلے سفیدے کے درختوں کو کٹوایا جائے،ہیڈ ماسٹر سکول کی اپیل

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 اکتوبر2019ء)مرکز شاہ جمال کے نواحی موضع احمد موہانہ کے گورنمنٹ مڈل سکول میں کھوکھلے سفیدے کے درخت گرنا معمول بن گیا۔ بچے اور سٹاف خوف و ہراس کا شکار رہنے لگے۔ سکول میں لگے 40 سالہ پرانے سفیدے کے درخت اس حد تک کھوکھلے ہو چکے ہیں کہ ان کا کاٹنا ناگزیر ہو چکا ہے۔اس حوالے سے سکول کے ہیڈ ماسٹر غلام عباس نے بتایا کہ ان کے محکمہ ایجوکیشن کا پیپر ورک مکمل ہو چکا ہے اور تمام ثبوت آفیسروں کو دکھائے گئے کہ ان درختوں کی جلد نیلامی کر کے یہاں سے کٹوایا جائے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جا سکے۔ انہوں نے حکام اعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ جلد از جلد ان درختوں کو کٹوا کر بچوں ,اساتذہ اور سکول کی بلڈنگ کو تحفظ فراہم کیا جائے۔