مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 01 ستمبر2020ء) ضلع مظفرگڑھ میں پولیس نے ایک نوجوان لڑکے مبینہ طور پر بدفعلی اور گولی مارنے کے الزام پر 2 افراد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کی جانب سے یہ گرفتاری متاثرہ لڑکے کے والد کی جانب سے درج اس شکایت کے بعد سامنے آئی جس میں الزام لگایا گیا تھا کہ 3 افراد نے ان کے بیٹے کے ساتھ بدفعلی کی کوشش کی مزاحمت کرنے پر اس پر گولی چلا دی۔
واقعہ کی فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر)کے مطابق 2 ملزمان نے لڑکے کو مچھلی کھانے کیلئے ایک کھانے کے مقام پر آنے کا کہا، جب وہ لوگ اس جگہ پہنچے تو وہاں ایک تیسرا فرد شامل ہوا اور پھر ملزمان لڑکے کو زبردستی جنگل میں لے گئے اور بدفعلی کی کوشش کی۔ایف آئی آر کے مطابق جب لڑکے نے مزاحمت کی کوشش کی تو ایک ملزم نے لڑکے کے کولہے پر فائر کردیا اور وہ لوگ لڑکے کو زخمی حالت میں چھوڑ کر وہاں سے فرار ہوگئے۔
بعد ازاں لڑکے کے چیخنے کی آواز راہگیروں نے سنی اور پھر اس کے والد کو اطلاع دی گئی۔متاثرہ لڑکے کے والد نے لڑکے کو سول ہسپتال میں داخل کرایا اور پولیس کو آگاہ کیا، جس کے بعد تعزیرات پاکستان کی دفعہ 324، 377، 511 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا۔ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی)ریحان رسول افغان کا کہنا تھا کہ پولیس نے 24 گھنٹوں کے اندر مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا اور رپورٹ فائل کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گرفتار ملزمان کو مقامی عدالت نے 4 روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ تیسرے ملزم کو جلد گرفتار کیا گا اور متاثرہ لڑکے کو جس پستول سے زخمی کیا اسے بھی برآمد کیا جائے گا۔