مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 03 ستمبر2022ء) بپھرے ہوئے دریائے سندھ میں تبدیلی آنے لگی،دریائے سندھ میں ہیڈ تونسہ بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے،اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے والے علاقہ مکین اپنے گھروں کو واپس لوٹنے لگے ہیں۔محکمہ آبپاشی کے ذرائع کے مطابق تونسہ بیراج پر پانی کی آمد میں ایک لاکھ پچاسی ہزار کیوسک فٹ کمی ہونے سے اس وقت پانی کا بہاؤ 4 لاکھ 16 ہزار کیوسک فٹ ہے اور یہاں سے درمیانے درجہ کا سیلاب گزر رہا ہے۔
پانی کی سطح میں مسلسل کمی ہو رہی ہے اور آئندہ 2 سے 3 روز تک دریائے سندھ معمول پر آ جائے گا،سیلاب کا خطرہ ٹل چکا ہے اور کوٹ ادو تحصیل،تونسہ تحصیل اور دیگر تمام ملحقہ علاقے بالکل محفوظ ہیں۔ملک رحیم بخش،اللہ داد،وریام خان،محمد شریف، قادر بخش،دین محمد اور علاقے کے متعدد دیگر افراد نے بتایا ہے کہ سیلاب کے بارے میں افواہوں کی وجہ سے جتنا خوف پھیلا ہوا تھا کہ 7 لاکھ کیوسک فٹ کا پانی کا ریلا آ رہا ہے اور علاقہ شدید خطرے کی زد میں ہے الحمد للہ ایسا کچھ نہیں ہوا ،اب پانی کی سطح بہت کم ہو چکی ہے دریا ءمعمول پر آ رہا ہے اس لئے وہ لوگ اپنے گھروں کو واپس جا رہے ہیں۔