مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 25 مئی2022ء) خاتون پر بری نظر رکھنے کے شبہ پر جھگڑا، ایک شخص گولی لگنے سے جاں بحق،قاتل گرفتار،مقدمہ درج۔ایف آئی آر کے مدعی حضور بخش کے مطابق محمد سلیم کو شبہ تھا کہ اس کا داماد محمد راشد اس کی بھابی رفیعہ مائی پر بری نظر رکھتا ہے،اس کے گلہ کرنے پر اس نے اسے صفائی دی اور کہا کہ اسے غلط فہمی ہے ایسی کوئی بات نہیں ہے۔
گذشتہ شام وہ اپنے گھر کے باہر اپنے بیٹے محمد جنید کے ہمراہ بیٹھا ہوا تھا کہ محمد سلیم اپنے دوست غلام شبیر کے ہمراہ موٹرسائیکل پر وہاں پہنچا اور کہا کہ تم نے ہمارا فیصلہ نہیں کرایا تھا اس کا مزہ چکھاتا ہوں،اس نے اسے سمجھانے کی کوشش کی لیکن غلام شبیر نے اس کے بیٹےمحمد جنید کو بازووں سے پکڑا اور محمد سلیم نے پسٹل 30 بور سے جنید کے سر پر فائر کیا جو سر کے پار ہو گیا اور جنید زمین پر گر کر تڑپنے لگا،موقع پر اکٹھی ہونے والی خواتین نے سلیم اور غلام شبیر کو پتھر اور اینٹیں ماریں جس سے سلیم بھی زخمی ہو گیا اور موقع سے فرار ہو گیا۔