مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 17 اپریل2019ء) ایگری فورم پاکستان نے حکومت سے بارش اور ژالہ باری سے متاثرہ علاقوں کو آفت زدہ قرار دینے،مالیہ اور آبیانہ ,تقاوی اور زرعی قرضے معاف کرنے کا مطالبہ کر دیا۔صدر ایگری فورم پاکستان رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ نے کسان عہدے داروں قاضی سرفراز حسین , حاجی اختر سکھیرا, رانا محمد اکرم, محمد نقی کمبوہ ایڈووکیٹ , کسان کونسلرز سید اسماعیل بخاری, ملک محمد حنیف کھلنگ اور مہر راشد نصیر سیال کے ہمراہ یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ اضلاع میں آنے والی حالیہ ژالہ باری اور طوفانی بارشوں کینتیجہ میں ایک محتاط اندازہ کے مطابق ہزاروں ایکڑ پر کھڑی گندم کی کروڑوں روپے مالیت کی فصل ختم ہوگئی ہے۔اس حوالہ سے کاشتکار جوکہ گزشتہ کئی سالوں سے سابقہ حکومتوں کی غلط معاشی اور زرعی پالیسیوں کی وجہ سے کنگال ہوچکا تھا اب رہی سہی قصر حالیہ بارشوں نے نکال دی۔ حکومت کو فوری طور پر متاثرہ علاقوں کے کسان بھائیوں کے لئے ریلیف کا اعلان کرنا چاہیئے تاکہ متاثرہ کسان جو کہ پہلے ہی کسمپرسی کی حالت میں ہی. اس کے زخموں پر مرہم رکھی جاسکے۔انہوں نے حکومت سے کسانوں کو مالی امداد اور فوری عملی اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا ہے۔