مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 10 جنوری2019ء) مظفرگڑھ کے نواحی قصبے شاھ جمال میں ایک اور حواء کی بیٹی سسرالیوں کے ظلم کا شکار ہو گئی۔ نئی نویلی دلہن نادیہ پر اسکے شوہر اور سسرالیوں نے چھ روز قبل ناچاقی کے باعث پٹرول چھڑک کر آگ لگا دی تھی، جس پر نادیہ کے جسم کا 70 فیصد حصہ متاثر ہو گیا تھا۔ نادیہ کی شادی 6 ماہ قبل چبک پور کے رہائشی ثقلین کے ساتھ ہوئی تھی۔گھر میں ناچاقی کے باعث شوہر ثقلین نے اپنے گھر والوں کے ہمراہ مل کر نادیہ کو آگ لگا دی تھی، جس سے وہ بری طرح جھلسی گئی تھی۔ پولیس نے نئی نویلی دلہن نادیہ کو نشتر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاںبحق ہوگئی ۔ پولیس نے اسکے خاوند ثقلین گازر کے خلاف تھانہ شاہ جمال میں مقدمہ درج کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا ہے جبکہ نادیہ بی بی کی لاش کو پوسٹ مارٹم کیلے صدر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔