مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 25 ستمبر2020ء)ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ترقیاتی سکیموں میں تبدیلی کیلئے ضروری ہے کہ پہلے موقع پر جا کر چیک کیا جائے آیا کئی گئی تبدیلی ضرورت کے مطابق ہے یا نہیں مجاز آفیسر کی رپورٹ کے بعد ترقیاتی سکیموں کی منظوری دی جائے گی۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں سولنگ کے منصوبے شروع کئے جارہے ہیں وہاں نالیاں بھی بنائی جائیں تاکہ بعد میں سیوریج کا مسئلہ نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ فراہم کردہ فنڈز کے مطابق کام کیا جائے تاکہ بعد میں پریشانی کی سامنا نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ غیر معیاری کام پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، ترقیاتی سکیموں پر میٹریل اور کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے۔
اجلاس میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کے تحت 3ترقیاتی سکیمیں منظوری کیلئے پیش کی گئیں جن میں تحصیل جتوئی کے علاقوں بیلے والا، بیت عمر دراز اور بنڈی پتافی میں سولنگ اور نالیوں کی تعمیر کے کام میں تبدیلی، کلر والی، قادر پور اور ڈمر والی میں سولنگ اور نالیوں کے تعمیر کے کام میں تبدیلی کے منصوبے اور کوٹ ادو میں بستی کھڑکی سے دوست والا تک پکی سٹرک کے مرمت کے کام میں تبدیلی کی سکیمیں پیش کی گئی جس پر ڈپٹی کمشنر نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس جام آفتاب حسین کو ہدایت کی کہ وہ سولنگ اور نالیوں کی تعمیر کے کام میں تبدیلی کوموقع پر جاکرچیک کریں اور اپنی رپورٹ پیش کریں، رپورٹ کے پیش ہونے تک سولنگ اور نالیوں کی تعمیر کی سکیموں کی منظوری مخر کردی گئی۔
جبکہ بستی کھڑی سے دوست والا تک پکی سٹرک کی سکیم نے منظوری دے دی گئی۔ سکیم پر 50لاکھ روپے لاگت آئے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس جام آفتاب، ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ انم حفیظ، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ٹیکنیکل تنویر سہو، ایکسین ہائی وے عمیر لطیف، ایس ڈی او ہائی وے عبدالعزیزسمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔