مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 19 اگست2020ء) صحافیوں کا قلم قوم کی امانت ہے مثبت صحافت سے ہی معاشرے کی اصلاح ممکن ہے،صحافت کا مقصد معاشرے کے کمزور افراد کی داد رسی کے ساتھ ساتھ حکومت کی بہتر پالیسیوں اور اس کی مثبت اثرات عوام تک پہنچانا بھی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات محمد شہزاد نے ایوان صحافت خان گڑھ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ علاقائی صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقہ کے مسائل اپنی قلم کے ذریعے اجاگر کریں تاکہ شہریوں کے بنیادی مسائل اعلیٰ حکام تک پہنچ سکیں اور انہیں حل کروانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔
ترجمان پولیس مظفرگڑھ وسیم خان گوپانگ نے کہا کہ صحافیوں نے ہر دور میں حق و صداقت کا علم بلند کیا اور اپنے قلم کے ذریعے ظلم وجبر اور معاشرتی ناانصافیوں کے خلاف جہاد کیا صحافی معاشرہ کی آنکھ ہوتا ہے اور مثبت صحافت ہمیشہ جرائم کو کنٹرول کرنے میں مدد گار ثابت ہوئی ہے اور پولیس میڈیا کی جانب سے کی گئی جرائم کی نشاندہی پر بھی کاروائی کرتی ہے اس موقع پر محکمہ اطلاعات سے محمد ندیم قریشی، سینئر صحافی ملک نذیر سندیلہ،سردار محمد معظم ڈوگر،ملک زاہد سندیلہ،نوابزدہ عرفان اللہ خان،مسرور خان،ملک اجمل لانگ،شاہد حسین لانگ،عمران عرف مانی بھی موجود تھے۔