مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 دسمبر2019ء) ڈپٹی کمشنرانجینئر امجد شعیب ترین نے کہا ہے کہ ضلع مظفرگڑھ کی عوام امن پسند ہے، تمام جید علماء کرام امن کے داعی ہیں اور آپس میں اتفاق اور اتحاد بین المسلمین کا درس دیتے ہیں، ضلع میں پائیدار قیام امن کیلئے یہاں کے علماء کرام، سول سوسائٹی اور عوام کا مثالی کردار رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی شر پسند کو امن کی راہ میں رخنہ ڈالنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ امن کمیٹی کے تعارفی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلا س میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسید ندیم عباس،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق، اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ رانا محمد شعیب، اسسٹنٹ کمشنر علی پور محمد عامر، اسسٹنٹ کمشنر جتوئی زریاب ساجد، ایس پی انوسٹی گیشن سجاد،سید امیر حسن، گلزار عباس نقوی، ہلال جاوید کاظمی،جاوید اختر بخاری، مولانا عبدالستار،ایڈیشنل سیکرٹری جنرل انجمن تاجران پنجاب شیخ عامر سلیم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران کے شرکت کی۔
اس موقع پر ڈی پی او سید ندیم عباس نے کہا کہ ضلع میں مستقل قیام امن کیلئے ہم سب نے اپنا مثبت کردار اداکرنا ہے اور عوام کو اتحاد، اتفاق اور رواداری کا درس دینا ہے، امن کی راہ میں کسی شرپسند کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔اس موقع پر گلزار عباس نقوی، مولانا مشتاق، ہلال احمد کاظمی، سید امیر حسن، فیاض نسیم، جمیل احمد ہاشمی، مرید خان لغاری اور جاوید بخاری نے بھی خطاب کیا۔