فلڈ بندوں کی تعمیرو مرمت کا کام جلد سے جلد مکمل کیا جائے ،کمشنر ڈی جی خان

مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 04 جولائی2017ء)فلڈ بندوں کی تعمیرو مرمت کے کام کو جلد سے جلد مکمل اور اعلیٰ معیار کا میٹریل استعمال کیا جائے، اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ یہ بات کمشنر ڈی جی خان احمد علی کمبوہ نے ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور کے ہمراہ دوآبہ فلڈ بند کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، کمشنر ڈی جی خان نے کہا کہ مون سون کی بارشوں کے پیش نظر دریائے سندھ اور چناب میں متوقع سیلاب سے نمٹنے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے ، سیلاب کی صورت میں متاثرین سیلاب کیلئے ریلیف کیمپوں کے قیام و طعام ، میڈیکل اور دیگر ضروریات کی فراہمی کوممکن بنایا جائے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور نے بتایا کہ حفاظتی بندوں کی تعمیرو مرمت کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ، سیلاب سے قبل تمام جاری منصوے مکمل کرلئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سیلاب کی صورت میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور تمام متعلقہ محکموں نے اپنا اپنافلڈپلان بھی مرتب کرلیا ہے۔ریلیف کیمپوں میں افسران کی تعیناتی، ڈاکٹرز و پیرا میڈیکل سٹاف کی ڈیوٹی ، ادویات و دیگر ضروری اشیاء کی فراہمی کے انتظامات بھی مکمل کر لئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ اور اس کی ٹیم کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کیلئے تیار ہے ، سیلاب کی صورت میں متاثرین کی جان و مال کی حفاظت کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔