مظفر گڑھ۔6 مارچ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 06 مارچ2017ء)ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کے احکامات کے مطابق عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے ، تمام محکموں کے افسران اپنے فرائض ذمہ داری سے ادا کریں ، فرائض سے غفلت یا کوتاہی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی ۔یہ بات انہوں نے گزشتہ روز تحصیل آفس کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ دور دراز سے آنے والے سائلیں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر نے اراضی ریکارڈ سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر سیف اللہ بھٹی کو ہدایت کی کہ وہ سنٹر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کریں۔انہوں نے سنٹر کے باہر سنٹر کے چار دیواری کے ساتھ قائم تجاوزات کو بھی فوری طور پر ختم کرنے کے احکامات جاری کئے، انہوںنے کہا کہ سنٹر کے اطراف کوئی ریڑہی نہ کھڑی کی جائے ، ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے تحصیل آفس اور اراضی ریکارڈ سنٹر کے عملے کی حاضری بھی چیک کی ، تحصیل آفس اور سنٹر میں موجود سائلین سے ان کے مسائل کے بارے میں دریافت کیا اور اسسٹنٹ کمشنر اور سنٹر انچارج کو عوامی مسائل کو فوری حل کرنے کی تلقین کی، اس موقع پر ڈپٹی کمشنرنے اے ڈی ایل آر نعمان احمد کی کارکردگی پر اطمینان کااظہار کیا۔
Prev Post