مظفرگڑھ(مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 11 دسمبر2021ء) ڈسٹرکٹ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر مظفرگڑھ مخدوم غلام قاسم نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کی ہدایت پر سوموار سے غیر رجسٹرڈ/اپلائیڈ فار گاڑیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے،ضلع مظفرگڑھ کی چاروں تحصیلوں اور تھانہ جات کی سطح پر محکمہ ایکسائز کا عملہ ایسی گاڑیوں اور غیر منظور شدہ نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرے گا،ای ٹی او مخدوم غلام قاسم نے مزید بتایا کہ سیکشن 97 اے کے تحت عملہ ایکسائز کو سزائیں اور بھاری جرمانے عائد کرنے کا اختیار بھی حاصل ہے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ نے درجنوں مرتبہ منادی کرائی ہے کہ بغیر نمبر موٹرسائیکلوں،گاڑیوں اور دیگر وہیکلز کی رجسٹریشن کرائی جائے اور محکمہ ایکسائز کی منظور شدہ نمبر پلیٹیں لگائی جائیں اب غفلت کے مرتکب وہیکلز مالکان کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی کی جائے گی اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی یا رعایت نہیں برتی جائے گی۔انہوں نے ایسے تمام موٹر مالکان کو تنبیہ کی کہ کسی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کےلئے فوری طور پر اپنی وہیکلز کی رجسٹریشن کرائیں اور محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ نمبر پلیٹس لگائیں۔