مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 19 دسمبر2018ء) ضلع مظفرگڑھ کے ہسپتالوں میں کتے کاٹے کی ویکسین عرصہ دراز سے نایاب ہے جس کی وجہ سے مریضوں کو ایمرجنسی میں پریشانی کا سامنا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے بنیادی و دیہی مراکز صحت اور ہسپتالوں میں سانپ اور کتے کاٹے کی ویکسین دستیاب نہیں ہے۔مریضوں کو ایمرجنسی حالت میں ڈسٹرکٹ و تحصیل ہسپتالوں اور بعد میں نشتر ہسپتال میں محض ویکسین نہ ہونے کی وجہ سے ریفر کردیا جاتا ہے۔اس حوالے سے متعدد بار مریضوں اور شہریوں نے محکمہ صحت کے حکام اور اراکین اسمبلی کو شکایات کی ہیں مگر تاحال کوئی عملی اقدامات نہیں کیے گئے۔ سینئیر ممبر ڈسٹرکٹ بار مظفرگڑھ راناامجدعلی امجد ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ صورتحال بہتر نہ ہوئی تو عدالت عالیہ سے رجوع کیا جائے گا۔