ضلع بھر میں مچھلی کا غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی،اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز

مظفر گڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی نیوز – اے پی پی۔ 28 جون2021ء) اسسٹنٹ ڈائریکٹر فشریز محمد علی جوہر نے کہا ہے کہ یکم جون سے 31اگست تک مچھلی کا بریڈنگ سیزن ہوتا ہے جس میں لاکھوں کی تعداد میں بچہ مچھلی پیدا ہوتا ہے جس کے وجہ سے یکم جون تا 31اگست تک ہر قسم کے شکار پر پابندی ہوتی ہے تاکہ دریاں میں مچھلی کی پیداوار اور تعداد برقرار رہے۔
اس سلسلے میں ضلع کے مختلف مقامات پر محکمہ کی ریڈ پارٹی نے چھاپے مارے ہیں اور غیر قانونی شکاریوں کا سامان بھی قبضہ میں لے کر جرمانہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اب تک 13ہزار روپے کے جرمانے کئے جاچکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں غیر قانونی شکاریوں اور دوران موسم بندی شکار کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور خلاف ورزی کرنے والوں کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا۔