مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 13 جنوری2020ء) ڈپٹی کمشنر انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ ضلع بھر میں آٹے کی مصنوعی قلت اور سرکاری نرخ سے زیادہ پر فروخت کرنے کو ہر گز برداشت نہیں کیا جائے گا، بازاروں میں آٹی کی سپلائی کو سرکاری نرخ پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ یہ بات انہوں نے فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ بازاروں میں آٹے کا مصنوعی بحران پیدا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جس سے آٹے کی قیمت میں بھی اضافے کا خدشہ ہے لہذا ضلع کی تمام فلور ملز بازاروں میں آٹی کی سپلائی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر فرخ کو ہدایت کی کہ وہ فلور ملز کی نگرانی کریں اور طلب اور رسد میں توازن برقرار رکھنے کیلئے عملی اقدامات کریں، ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔اجلاس میں فلور ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے بازارو ں میں سپلائی کو سرکاری نرخ پر فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے 20کلو آٹے کی تھیلے کی قیمت 805روپے مقرر کی ہے۔