مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 08 نومبر2018ء) شادی کی رات پورے سسرال کو زہریلی لسی پلا کر قتل کرنے والی آسیہ کو 15 مرتبہ عمر قید کی سزا سنا دی گئی، انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے زہریلی لسی پلانے کے مقدمہ میں جرم ثابت ہونے پر آسیہ خاتون اور اس کے مبینہ آشنا کو پندرہ پندرہ بار عمر قید اور تیس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنائی گئی۔ تفصیلات کے مطابق سسرالیوں کو مبینہ آشنا کیساتھ مل کر زہریلی لسی پلانے کے مقدمہ میں عدالت نے جرم ثابت ہونے پر آسیہ خاتون اور اس کے مبینہ آشنا کو پندرہ پندرہ بار عمر قید اور تیس لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی گئی ہے۔ڈیرہ غازی خان کی انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جمعرات کے روز ہونے والی سماعت کے دوران مظفر گڑھ میں زہریلی لسی پینے کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کے کیس کا فیصلہ سنا دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت نے جرم ثابت ہونے پر ملزمہ آسیہ خاتون اور اس کے مبینہ آشنا محمد شاہد کو 15، 15 بار عمر قید اور 30 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی۔ جبکہ اسی مقدمے میں نامزد آسیہ خاتون کی دوست ملزمہ زرینہ بی بی کو شک کا فائدہ دے کر بری کر دیا گیا۔واضح رہے کہ ملزمہ آسیہ بی بی نے 30 اکتوبر 2017ء کو اپنے مبینہ آشنا محمد شاہد کے ساتھ مل کر اپنے خاوند محمد امجد کو جان سے مارنے کی غرض سے دودھ میں زہر ملایا تھا۔ تاہم بعد ازاں اسی دودھ سے بنائی جانے والی لسی کے پینے سے آسیہ خاتون کے سسرال کی 7 خواتین اور 1 بچے سمیت ایک ہی خاندان کے 16 افراد جاں بحق جبکہ 29 افراد شدید متاثر ہوئے تھے۔ اب ایک سال کے عرصے کے بعد اس کیس کا فیصلہ سنا دیا گیا ہے۔