مظفر گڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی 25 مارچ 2020ء ) دفعہ 144 نافذ ہونے کے باوجود شادی کی تقریب کرنے پر مظفر گڑھ کا دولہا گرفتار کر لیا گیا ۔ تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے بڑھتے کیس کے باعث پنجاب حکومت نے تمام شادی ہالز اور اجتماعات پر پابندی عائد کر دی تھی ، تاہم گھر میں سادگی سے شادی کرنے کی اجازت تھی۔ اسی تناظر کے پیش نظر مظفر گڑھ کے تمام ہالز کو بند کر دیا گیا تھا ، شادی کی تقریبات منعقد نہ کرنے کے سخت احکامات جاری کئے گئے ۔حکومتی کی سادگی سے شادی کی تجویز دیئے جانے پر بہت سے شہریوں نے اس سے استفادہ حاصل کیا ، کچھ شہری اس فیصلے سے ناراض نظر آئے ۔ مظفر گڑھ کے علاقے سنا نواں میں شادی کی تقریب کرنے پر دولہا کو گرفتار کر لیا گیا ۔ شادی کی تقریب کے دوران ہی مخبر کی اطلاع پر پولیس نے چھاپہ مارا اور دولہا کو گرفتار کر لیا۔جبکہ مقدمہ درج کر لیاگیا ہے۔ مقدمہ میں دیگر منتظمین کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
پولیس نے موقف اختیار کیا ہے کہ سنانواں میں قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شادی کی تقریب جاری تھی ۔ شادی کی تقریب پر چھاپہ مارا گیا ۔ تین سے زائد افراد کو جمع کرنے پر دولہا اوراس کے والد کو گرفتار کر لیا گیا۔ جبکہ تقریب کے دیگر منتظمین پر بھی مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے باعث پاکستان بھر میں لاک ڈاؤن کرکے دفعہ 144نافذ کر دی گئی تھی۔واضح رہے اس سے قبل شیخو پور ہ کے علاقے میں شادی کی تقریب کا انعقاد کرنے پر دولہے سے دیگر باراتیوں کو گرفتار کر لیا گیا تھا ۔ حراست میں لئے گئے تمام افراد کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ کا کہنا تھا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھوں میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ باراتیوں نے دولہے کی گرفتار ی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شادی کی تقریب کا مزا خراب ہو گیا ۔شادی ہال بند ہونے کے باعث سیکڑوں باراتی گلیوں اور پارکوں میں پھرتے رہے۔