مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 اگست2020ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ انجینئر امجد شعیب خان ترین نے کہا ہے کہ دریائے چناب میں تریموں کے مقام پر پانی کی سطح میں مسلسل اضافے سے ضلع مظفرگڑھ میں سیلابی صورت حال پیدا ہونے کے خدشے کے پیش نظر ضلعی انتطامیہ اور متعلقہ محکموں نے اپنے اپنے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کسی قسم کی بھی ہنگامی صورت حال کے لئے تمام متعلقہ محکموں کو الرٹ کردیا گیا ہے اور صورت حال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جارہا ہے ۔ یہ بات انہوں نے بریچ آپریشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں پاک فوج کے لیفٹیننٹ کرنل عدنان انور، میجر ارسلان، میجر واجد ، ڈویژنل انجینئرپاکستان ریلوے ملتان عابد رزاق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل احسان الحق، ایکسین آبپاشی ملک زین سانگی، ایکسین ایم اینڈ آر ہائی وے شہزاد سمیع، ڈپٹی ڈائریکٹر این ایچ اے رانا نذیر احمد اور ایس ڈی او ہائی وے شبیر احمد سمیت تمام متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ سیلاب سے شہری آبادی او رعوام کی جان و مال کی محفوظ بنانے کیلئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہائی فلڈ کی صورت اور ہنگامی صورتحال کی مطابق پانی کی راستہ دینے کیلئے حفاظتی بندوں کو بریچ کرنے کیلئے حکومتی احکامات کی روشنی میں ایس او پی کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا تاکہ ضلع کی عوام کی جان و مال اور شہری آبادی کو محفوظ بنایا جائے۔