دنیا میں شہادت کے جذبے کا کوئی متبادل نہیں،ڈی سی مظفرگڑھ

مظفرگڑھ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 06 ستمبر2019ء) ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ مسلمانوں کیلئے شہید کی موت قوم کی حیات ہے، شہادت ابدی زندگی کا نقطہ آغاز ہے،ہم اللہ کے راہ میں زندگی لٹانے کو اپنا اعزاز سمجھتے ہیں، دنیا میں شہادت کے جذبے کا کوئی متبادل نہیں۔یہ بات انہوں نے یوم دفاع پاکستان کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ 6ستمبر کو پاک فوج نے ہر محاذ پر دشمن کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اوراپنے جذبہ ایمانی سے دشمن کے دانت کھٹے کئے، بری، بحری اور ہوائی افواج نے دشمن کو شکست سے دو چار کیا۔انہوں نے بتایا کہ 1965ء میں سیالکوٹ کے علاقے چونڈہ کے محاذ پر دنیا کی ٹینکوں کی سب سے بڑی لڑائی لڑی گئی جو پاک فوج نے پاکستان کی عوام کی مدد سے جیتی،نور جہاں اور دیگر گلوکاروں نے اپنے گیتوں سے پوری قوم میں جوش و جذبہ پیدا کیا،ان کے نغموں نے نہ صرف پاک فوج کے سپاہیوں بلکہ عوام کے لہو کو بھی گرم کرتے رہے۔
قبل ازیں چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم مسعود ندیم نے اپنے خطاب میں کہا کہ کفر اور حق میں نظریہ کافرق ہے، جذبہ جہاد اور شوق شہادت سے سرشار پاک فوج کے جوانوں نے اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو ہزیمت سے دوچار کیا۔اس موقع پرملک خیر محمد نے بھی خطاب کیا۔تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ محمد شعیب، پرفیسر افتخار ہاشمی، اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر سجاد بھابھہ، سکولوں کے اساتذہ اورطلبہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
قبل ازیں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور مظفرگڑھ سے تعلق رکھنے والے پاک فوج کے شہید عمران حید ر کے گھر گئے اور ان کے والد کو گلدستہ پیش کیااور پاک فوج کے سپاہی کی عظیم شہادت پر خراج تحسین پیش کیا، یوم دفاع پاکستان کو موقع پر یکجہتی کمشنر بھی بھی منایا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر آفس سے کشمیر چوک(کچہری چوک)تک ریلی نکالی گئی جس کی قیادت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور اور ڈی پی اور صادق ڈوگر نے کی، ریلی میں سول سوسائٹی، انجمن تاجران، وکلاء، پی ایم اے، ایپکا کے نمائندگان سمیت عوام کی کثیر تعدادنے شرکت کی اور کشمیری عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔