مظفر گڑھ۔26 مارچ(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 26 مارچ2018ء)سی ای او صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے کہا ہے کہ سپیشل بچے خصوصی توجہ کے طالب ہوتے ہیں، محکمہ صحت کے زیر اہتمام سپیشل بچوں کی سکریننگ سے نہ صرف ان بچوںکی جسمانی و ذہنی صحت کے بارے میں معلومات حاصل ہونگی بلکہ ان کی بیماریوں کا بھی علم ہوگا اور پھر ان کا باقاعدہ علاج کیا جائیگا، جس سے یہ ایک صحتمند زندگی بسر کرسکیں گے، یہ بات انہوں نے گورنمنٹ سپیشل ایجوکیشن سنٹر جتوئی میں سپیشل بچوں کی سکریننگ کیلئے لگائے گئے میڈیکل کیمپ کا معائنہ کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ سپیشل بچوں کیلئے ہفتہ صحت کا انعقاد حکومت کا تاریخی اقدام ہے، سکریننگ کیمپ سے سپیشل بچوں میں متعددی بیماریوں کے پھیلائو میں نمایاں کمی واقع ہوگی ، انہوں نے مزید کہا اگرچہ محکمہ صحت مظفرگڑھ کو بچوں کی سکریننگ کو جو ٹارگٹ دیا گیا تھا وہ حاصل کر لیا گیا ہے مگر پھر بھی انسانی ہمدردی کے پیش نظر ہم نے یہ فیصلہ کیا ہے ایسے سپیشل بچے جو سکول میں زیر تعلیم نہیں ہیں محکمہ صحت انکی سکریننگ کیلئے مفت اپنی خدمات پیش کریگا اسکے لئے انہوں نے والدین کیلئے پیغام دیا کہ وہ اپنے سپیشل بچوں کی سکریننگ اور ویکسنیشن کیلئے ڈاکٹر طارق محمود ڈی ایچ او سے دفتری اوقات میں رابطہ کر سکتے ہیں، اس موقع پر ڈاکٹر طارق محمود ڈی ایچ او نے بتایا کہ مظفرگڑھ میں سپیشل بچوں کیلئے قائم چھ سکولوں میں چھ سو اکہترطلباء اور طالبات کو سکریننگ اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، کیمپ کے دوران بچوں کی جسمانی نشوونما ، یرقان بی، سی ، ایڈز، ہومیوگلوبین کے ٹیسٹ جبکہ ہیپاٹائیٹس بی کی ویکسین ، پیٹ کے کیڑوں سے بچائو ،آئرن اور غذائی کمی کو پورا کرنے والی ادویات فراہم کی گئی ہیں، بچوں کو کیمپ پر لانے لیجانے کیلئے پک اینڈ ڈراپ کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے، سی ای او صحت ڈاکٹر شاہد حسین مگسی نے ڈاکٹر اور پیرا میڈکس کے کام کو سراہتے ہوئے کہا ان بچوں کو طبی سہولیات فراہم کرنا نہ صرف ہمارا فریضہ بلکہ اللہ پاک کی قربت اور خوشنودی کابھی ذریعہ ہے۔