مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 27 فروری2020ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جام آفتاب حسین نے کہا ہے کہ حصول تعلیم ہر بچے کا حق ہے، حکومت غیر سرکاری تنظیموں کے اشتراک سے ملک بھر میں بچوں کو سکولوں تک لارہی ہے تاکہ ہر بچہ علم کے زیور سے آراستہ ہو سکے، یہ بات انہوں نے ادارہ تعلیم و آگہی اور آکسفیم کے زیر اہتمام ڈسٹرکٹ ایجوکیش آفس میں داخلہ مہم الف اڑان کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ یونیسیف کے رپورٹ کے مطابق پاکستان بھر میں 2کروڑ سے زائد بچے سکول سے باہر ہیں ہم نے ان بچوں کو سکول لانا ہے بالخصوص لڑکیوں کو سکولو ں میں داخل کرنا ہے تاکہ ایک اچھا معاشرہ معرض وجود میں آسکے، انہوں نے کہا کہ بچوں کو سکولوں میں داخل کرانے کیلئے والدین میں شعور اجاگر کرنا ہے اور ان کو تعلیم کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے، تقریب سے ڈی ای او تعلیم محمد اکرم شاہد، ملک خیر محمد بدھ نے اپنے اپنے خطاب میں اہمیت اور ضرورت پر روشنی ڈالی اور ادارہ تعلیم و آگہی اور آکسفیم کی کاوشوں کو سراہا، تقریب میں سماجی کارکن ام کلثوم سیال، پروجیکٹ کوارڈینیٹر ذیشان صدیقی، اسسٹنٹ ڈائریکٹر احساس پروگرام مہر آصف، عامر ڈوگر سمیت متعلقہ محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔اس موقع پر بچوں کا سکولوں میں داخلہ بھی کیا گیا۔