مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 21 ستمبر2022ء) سی ای او ہیلتھ مظفرگڑھ ڈاکٹر امیر بخش نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے پر عزم ہے، عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔یہ بات انہوں نے دفتر میں آئے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کہی۔انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے جن میں سیلاب زدہ علاقوں میں وبائی امراض کے پھیلاؤکی روک تھام اور ڈینگی سے تحفظ سرفہرست ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بیماریوں کے تدراک کیلئے شب و روز کوشش جاری رہے گی 24/7مراکز صحت پر سروس ڈیلیوری اور ادویات کی فراہمی بڑے اہداف ہیں۔ انہوں نے پی ایم اے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ایم اے ڈاکٹر کی نمائندہ تنظیم ہے، لہٰذا پی ایم اے کے ساتھ ملکر ڈاکٹرز کیمونٹی کے مسائل حل کئے جائیں گے۔ ڈاکٹر امیر بخش کی دفتر آمد کے موقع پرپی ایم اے الائیڈ ہیلتھ پروفیشنلز ایپکا کی مرکزی قیادت دفتر اہلکار اور سول سوسائٹی کے افراد کی بہت بڑی تعداد موجود تھی ۔