مظفر گڑھ۔5 ستمبر(مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 05 ستمبر2017ء) کوئی قوم اور معاشرہ تعلیم و آگہی کے بغیر ترقی نہیں کرسکتا اگر ہم اپنی قوم کو تعلیم کے زیور سے آراستہ کردیں تو دہشت گردی سمیت تمام مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ یہ بات اسسٹنٹ کمشنر منچن آباد شاہد ندیم رانا نے کڈز پبلک سکول کے زیر اہتمام کیپ ٹاون جنوبی افریقہ میں ہونے والے تقریری و ٹیلنٹ کوئز مقابلوں میں گولڈ میڈل اور سلور میڈل حاصل کرنے والی رنگ پور ضلع مظفرگڑھ کی طالبہ انوش مقدس کے اعزاز میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ انوش مقدس کی کامیابی نے ثابت کردیا ہے کہ ضلع مظفرگڑھ کی زرخیز مٹی نے گوہر نایاب پیدا کیے ہیں، انوش مقدس نے نہ صرف ضلع مظفرگڑھ کا نام روشن کیا ہے بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے اور پاکستان کا روشن چہرہ اقوام عالم کے سامنے پیش کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انوش مقدس کی کامیابی میں اس کی اساتذہ اور والدین کی محنت شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ ہر نونہار طالب علم اپنی محنت سے وہ مقام حاصل کرسکتا ہے جس کا وہ خواں ہے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ بچوں کی تعلیم وتربیت کے وقت ان کی خواہشات کا بھی احترام کریں تاکہ وہ عملی زندگی میں ایک بہتر انسان بن سکے۔ تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر شاہد ندیم نے انوش مقدس کو گولڈ اور سلور میڈل کے علاوہ نقد انعام اور شیلڈ پیش کی ، جبکہ اعراس مقدس کو ہشتم کے امتحان میں ضلع بھر میں تیسری پوزیشن حاصل کرنے پر نقد انعام اور شیلڈ پیش کی۔ اس کے علاوہ کڈز پبلک سکول میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات میں بھی انعامات تقسیم کیے۔