مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 02 مئی2019ء) صوبائی وزیر برائے تعلیم مراد راس نے کہا ہے کہ تعلیمی نظام میں بہتری کیلئے ہر ادارے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، شعبہ تعلیم کو مالی طور پر مستحکم کرنا ہوگااور جدید آئیڈیاز متعارف کرانا ہونگے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب تعلیمی اصلاحاتی پروگرام ان آئیڈیاز کو پنجاب بھر کے سکولوں میں اپنائے گی۔انہوں نے کہا کہ تعلیمی اصلاحاتی پروگرام کے ذریعے بچوں کو نصابی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان ملک کے تعلیمی نظام کی بہتری کیلئے جدو جہد کررہے ہیں۔ان کے ویڑن کی مطابق پنجاب میں جلد یکساں اور بہترین نصاب اختیار کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے 22اضلاع میں ڈبل شفٹ سکول شروع کررہے ہیں۔یہ بات انہوں نے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خورشید آباد میں تعلیمی اصلاحاتی پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، صوبائی وزیر نے ضلع مظفرگڑھ کے سکولوں کی سٹوڈنٹس کونسل کے منتخب عہدیداروں سے حلف کیا اور سکولوں کے طلباء کے لئے آن لائن میگزین روشنی کا افتتاح کیا۔تقریب سے کمشنر ڈیرہ غازی خان اسد اللہ فیض، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انورممبران صوبائی اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹریز سردارعون حمید ڈوگر اور اشرف رند، نے خطاب کیا۔