اپنے منشور کے مطابق یکساں تعلیمی نظام کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں، صوبائی وزیر راجہ یاسر سرفراز ہمایوں

مظفرگڑھ ۔ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 08 اگست2019ء) صوبائی وزیر برائے پنجاب ہائیر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز ہمایوں نے کہا ہے کہ ہم اپنے منشور کے مطابق یکساں تعلیمی نظام کے نفاذ کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں، ابتدائی طور پر سکول ایجوکیشن میں تبدیلی لا کر پہلے سال میٹرک اور انٹر میڈیٹ کی سطح پر رٹہ نظام کو ختم کر کے معروضی نظام کو متعارف کرارہے ہیں، تاکہ تخلیقی صلاحیتوں میں نکھار آئے، اچھی لیڈر شپ پیدا ہو، تعلیمی نظام میں بتدریج تبدیلی لا کر معیاری تعلیم کو فروغ دیا جائے گا جس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بنایاجائے گا جس کیلئے ایک مربوط اور جاندار نظام بنایا جارہا ہے، یہ بات انہوں نے پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرگڑھ میں مقابلے کے امتحانات سی ایس ایس اور پی ایم ایس کی تیاری کیلئے سرکاری سطح پر اکیڈمی کے قیام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر سیکرٹری ہائیر ایجو کیشن پنجاب راحیل احمد صدیقی، ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ ڈاکٹر احتشام انور، ڈی پی او صادق ڈوگر، ایم پی اے رضا بخاری، پرنسپل پروفیسر خلیل الرحمن فاروقی سمیت معززین علاقہ، پروفیسر اور لیکچرار موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈویژن کی سطح پر بین الاقوامی معیار کی یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی اور تمام اضلاع میں ان کے کیمپس بنائے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ مظفرگڑھ جیسے پسماندہ ضلع میں مقابلے کی امتحانات کی تیاری کے لیے پاکستان کی پہلی اکیڈمی قائم کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ کی عوام خوش قسمت ہے کہ ان کو ڈاکٹر احتشام انور جیسے ڈپٹی کمشنر میسر ہیں جو یہاں کی عوام کی بارے میں سوچتے ہیں، یہاں کی لوگوں کی فکر کرتے ہیں اور اس ضلع کو ترقی یافتہ بنانے کیلئے عملی اقدامات کررہے ہیں۔
قبل ازیں صوبائی سیکرٹری ہائیر ایجو کیشن پنجاب راحیل احمد صدیقی نے کہا کہ مظفرگڑھ میں اکیڈمی کا قیام یہاں کی طلباء وطالبات کیلئے کیرئیر پلاننگ کیلئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوئی شعبہ اچھا یا برا نہیں ہوتا، مقاصد کی حصول کیلئے محنت اور کوشش کرنا ضروری ہے، پڑھ لکھ کر ایک اچھا انسان بننابڑی کامیابی ہے۔ڈپٹی کمشنرڈاکٹر احتشام انو رنے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ پنجاب کا دوسرا پسماندہ ضلع ہے اکیڈمی کے قیام کے مقصد طلباء وطالبات کو وہ ماحول فراہم کرنا ہے،جس سے ان کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا ہواو رو سول سروسز میں آکر اپنے علاقے اور عوام کی خدمت کرسکیں، جہاں فیصلے کئے جاتے ہیں اگر ضلع کی نمائندگی ہوگی تو ضلع کیلئے بہتر فیصلے کئے جاسکیں گے جس سے ترقی کی راستے کھلیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ اکیڈمی میں ہر سال دو کورس کرائے جائیں گے ایک کورس 4ماہ کا ہوگا، شام کے اوقات میں کلاسیں لگائی جائیں گی، اکیڈمی پوسٹ گریجویٹ کالج اور گرلز کالج کی پروفیسرز انگلش، سائنس، تاریخ اور اسلامیات پڑھائیں گے جبکہ ضلع مظفرگڑھ، ملتان اور ڈیرہ غازی خان کے سی ایس ایس آفیسر خصوصی لیکچر دیا کریں گے، ہر کورس کی فیس 15ہزار روپے مقرر کی گئی ہے، مطالعہ کیلئے جدی لائبریری بھی قائم کی گئی ہے، پرنسپل پروفیسر خلیل الرحمن فاروقی نے اپنی خطاب میں ڈپٹی کمشنر کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام ضلع کے طلباء وطالبات میں مستقبل کے ایک نئی نوید پیدا کرے گا، منزل کے حصول کیلئے تجربہ کار افسران کی راہنمائی ملے گی۔