الگ صوبے کے قیام کے لئے تحریک انصاف کی حکومت انتہائی طور پر سنجیدہ ہے،ڈاکٹر ملک وسیم حسن لنگڑیال

مظفرگڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی ۔ 16 اگست2019ء) ممبر وزیر اعلی ٹاسک فورس پنجاب اور مرکزی راہنماء صوبہ محاذ،ڈاکٹر ملک وسیم حسن لنگڑیال نے کہا ہے کہ صوبہ محاذ کی مرکزی قیادت نے الگ صوبہ جنوبی پنجاب بنانے کے لئے ضلعی سطح پر عوامی رابطہ کاری کا فیصلہ کیا ہے،جس کا آغاز جلد مظفرگڑھ سے ہو گا،جبکہ صوبہ کے سیکریٹیریٹ کے مقام کا فیصلہ باہمی مشاورت سے کیا جائے گا، بہاول پور کے اراکین پارلیمنٹ اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے بھی اس بارے میں مشاورت کی جائے گی، سب کو اعتماد میں لیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے دیگر صوبائی راہنماؤں جام امجد علی پونٹہ، انصر آفتاب، رانا امجد علی امجد ایڈووکیٹ اور میاں سرفراز حسین کے ہمراہ خان گڑھ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ الگ صوبے کے قیام کے لئے تحریک انصاف کی حکومت انتہائی طور پر سنجیدہ ہے اور اس حوالے سے ضروری قانون سازی کی طرف پیش رفت کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر وسیم حسن نے کہا کہ عوام احتساب بلاامتیاز چاہتے ہیں اور موجودہ حکومت قوم کا سرمایہ لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول کرے گی۔انہوں نے کہا کہ نواز لیگ کا انہیں کوئی سیاسی مستقبل نظر نہیں آ رہا، سیاست میں نوجوانوں کی شمولیت سے ہی ملک بھر میں تبدیلی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت خاصی ڈسٹرب ہے جس پر قابو پانے کے لئے حکومت عملی سطح پر کوشاں ہے،جلد معاشی استحکام آ جائے گا۔