مظفر گڑھ (مظفرگڑھ ڈاٹ سٹی۔ 14 نومبر2021ء) پولیس نے سوا دو کروڑ روپے کی ڈکیتی کی واردات ٹریس کرلی،واردات میں ملوث گینگ کے 2 افراد کو گرفتار کرکے ان سے ڈکیتی کے دوران لوٹا گیا تقریبا 88 لاکھ روپے مالیت کا سامان اور ڈکیتی کیا گیا ٹرک برآمد کرلیا۔ ڈی ایس پی سٹی مظفرگڑھ عمران رشید اور ایس ایچ او تھانہ صدر دانش علی نے تھانہ صدر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ کراچی ائیرپورٹ سے ایک فیملی کی جانب سے امپورٹڈ سامان اسلام آباد کے لیے بک کروایا گیا تھا،یکم اکتوبر 2021 کو 6 نامعلوم مسلح ڈاکوں نے مظفرگڑھ کے مضافات میں چمن بائی پاس کے قریب امپورٹڈ سامان سے بھرے ٹرک کو لوٹ لیا،پولیس افسران کا کہنا تھا کہ لوٹے گئے سامان اور ٹرک کی قیمت تقریبا سوا 2 کروڑ روپے تھی،ڈی ایس پی سٹی عمران رشید اور ایس ایچ او تھانہ صدر دانش علی کا کہنا تھا واردات کے بعد ملزمان ٹرک ڈرائیور کو رسیوں سے باندھ کر اور سڑک کنارے پھینک کر ٹرک لے کر فرار ہوگئے تھے،ان کا کہنا تھا کہ پولیس نے علاقے کی جیوفینسنگ کرائی،مشکوک افراد کا موبائل ڈیٹا حاصل کیا اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے 2 افراد شبیر احمد اور عمران عرف مانی کو گرفتار کرلیا گیا،ڈی ایس پی سٹی عمران رشید اور ایس ایچ او تھانہ صدر دانش علی نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزم شبیر احمد کی نشاندہی پر اسکے گھر سے 38 لاکھ روپے مالیت کا ڈکیتی شدہ سامان اور مظفرگڑھ کے نواحی علاقے خانپور بگا شیر میں ریت کے ٹیلوں میں چھپا ہوا ڈکیتی شدہ ٹرک بھی برآمد کرلیا ہے،جبکہ دوسرے ملزم عمران عرف مانی کی نشاندہی پر اسکے گھر سے 50 لاکھ روپے مالیت کا سامان برآمد کرلیا گیا۔پولیس افسران کا کہنا تھا کہ ڈکیتی کی واردات میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں اور جلد ہی دیگر ملزمان کی گرفتاری کے بعد لاکھوں روپے مالیت کا بقایا سامان اور اسلحہ بھی برآمد کرلیا جائیگا۔