مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 31 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ سیف انور جپہ نے کہا ہے کہ معیار تعلیم کو بہتر سے بہتر کرنا حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے ، جس کیلئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے ، سکولوں میں ناکافی سہولیات کی کمی کو جلد دور کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم کے شعبہ میں سرمایہ کاری آئندہ نسلو ں پر سرمایہ کاری کرنے کے مترادف ہے انہوں نے کہا کہ مظفرگڑھ شعبہ تعلیم میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا اور تعمیراتی کاموں میں معیار کو اولیت کی جائے گی،یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی مظفرگڑھ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایجو کیشن آفیسر سیکنڈری عقیدت حسین ،تمام تحصیلوں کے ڈی ای او زنانہ و مردانہ اور دیگر ماہرین تعلیم و افسران بھی موجود تھے ۔چیف ایگزیکٹیو آفیسر تعلیم شمشیر احمد نے ڈپٹی کمشنر کو محکمہ تعلیم کے ترقیاتی سکیموں ، رجسٹریشن مہم اور سہولیات کے حوالے سے حکومتی اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر سیف انور جپہ نے کہا کہ محکمہ تعلیم کی جاری سکیموں میں معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیںکیا جائے گا۔انہوںنے کہا کہ سکولوںمیں ہونے والے ترقیاتی کاموں کی مانیٹرنگ کی جائے گی تعمیراتی مٹیریل کو کوالٹی کا چیک کیا جائے گا، ناقص مٹیریل استعمال کرنے والے ٹھیکیداروں کو بلیک لسٹ کیا جائے گا، محکمہ تعلیم میں ہونیوالی سرمایہ کاری ہماری آئندہ نسلوں کی امانت ہے ان ترقیاتی سکیموں میں ایک پیسے کی بد عنوانی برداشت نہیں کی جائے گی، قوم کے پیسے کوضائع نہیں ہونے دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ افسران ان ترقیاتی سکیموں کے حوالے سے کسی قسم کی بد عنوانی اور خورد برد کرنیوالوں کے بارے میں فوری طور پر آگاہ کریں ۔انہوںنے کہا کہ ضلع مظفرگڑھ کی تعلیمی رینکنگ کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے تمام افسران محنت کریں ، اساتذہ اورطلبہ 100فیصد حاضری کو یقینی بنائیں آئندہ تعلیمی سال میں رجسٹریشن مہم کو کامیاب بنایا جائے ، سکولوں کی سکیورٹی کے حوالے سے نئی ہدایات پر عمل کیا جائے ، پانچویں اور آٹھویں کے امتحانات کی کامیاب انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام اقدامات اٹھائے جائیں، سکول کونسلز کے ساتھ مل کر سرکاری سکولوں کو حالت اور معیار تعلیم کو بہتر کیا جائے ۔