مظفرگڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 مئی2019ء) تھانہ دائرہ دین پناہ پولیس نے ڈکیتی و راہزنی کے درجنوں مقدمات کے ریکارڈ یافتہ بڈھا گینگ کے سرغنہ سمیت 3 خطرناک ملزمان کو گرفتار کرلیا،ڈی ایس پی کوٹ ادو منور خان بزدار کی ایس ایچ او دائرہ دین پناہ کلیم اللہ گاڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس ۔تفصیل کے مطابق ضلع مظفرگڑھ و ضلع لیہ کے 20 سے زائد ڈکیتی و چوری کے مقدمات میں ملوث بڈھا گینگ کے سرغنہ عارف بڈھا سمیت خطرناک ملزمان فیضان اور کاشف کو مختلف علاقوں سے ریڈ کر کے گرفتار کر لیا، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے ابھی پولیس کی کارروائی جاری ہے، خطرناک ملزمان نے تھانہ کوٹ سلطان ضلع لیہ اور مظفرگڑھ کے تھانہ جات دائرہ دین پناہ، کوٹ ادو، محمودکوٹ،قریشی و چوک سرور شہید و دیگر کے علاقہ جات سے اسلحہ کے زور پر موٹرسائیکل چھین کر فرار ہو جاتے تھے، ایس ایچ او دائرہ دین پناہ کلیم اللہ گاڈی کی سربراہی میں تشکیل دی گئی خصوصی پولیس ٹیم نے ملزمان کو ٹریس کیا اور ان کی گرفتاری کیلئے شب و روز محنت کرتے ان کے بہت قریب پہنچ گئی اور پولیس ٹیم نے گینگ کے سرغنہ عارف بڈھا کو گرفتار کر لیا جسکی نشاندہی پر اس کے دو ہمراہی ملزمان فیضان اور کاشف بھی گرفتار ہو گئے، پولیس نے ملزمان سے تفتیش کی تو ہوشربا انکشافات سامنے آئے کہ ملزمان نے درجنوں وارداتوں کا اعتراف کیا اور اپنے بقیہ ساتھیوں کی بھی نشاندہی کی، پولیس نے دوران تفتیش ملزمان سے مختلف علاقوں سے چھینے گئے 8 موٹر سائیکل دو 125 اور 6 سی ڈی ہنڈا موٹر سائیکل اور ایک عدد پیٹر انجن بھی برامد کرا لیئے، پولیس نے ملزمان سے 4 عدد پستول 30 بور معہ درجنوں کارتوس برامد کرالئے، ڈی ایس پی کوٹ ادو منور خان بزدار نے تھانہ دائرہ دین پناہ میں ایس ایچ او کلیم اللہ گاڈی کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور موٹر سائیکل مالکان میں موٹر سائیکلیں اور پیٹر انجن مالکان کے حوالے کیا، ڈی پی او مظفرگڑھ صادق علی ڈوگر نے پولیس کی اس بہترین کارروائی پر نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔