مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 31 مئی2019ء) مظفر گڑھ میں ہیڈ مسٹریس کے خلاف احتجاج کرنے والی گورنمنٹ گرلز ھائی سکول کی خواتین اساتذہ کو محکمہ تعلیم کے افسران نے سکول میں ہی محبوس کر دیا احتجاجی خواتین اور اور طالبات کے لیے سکول کا گیٹ تالے لگا کر بند کردیاگیا۔تفصیل کے مطابق مظفرگڑھ میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خورشید آباد کی ہیڈمسٹریس کیخلاف احتجاج کرنے والی خواتین اساتذہ کو محکمہ تعلیم کے آفیسران نے انکے سکول میں ہی محبوس بنالیا۔خواتین اساتذہ کیمطابق وہ سکول کی ہیڈمسٹریس اور محکمہ تعلیم کے آفیسران کیخلاف سکول کے گیٹ پر احتجاج کرنے جارہی تھیں،خواتین اساتذہ کے احتجاج سے نمٹنے کے لیے محکمہ تعلیم کے مرد آفیسران نے گرلز سکول کے گیٹ کو اندر سے تالے لگا دئیے،سکول کے گیٹ کے اندر احتجاج کرنے والی خواتین کا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول خورشید آباد کی ہیڈمسٹریس نسرین گل کی جانب سے خواتین اساتذہ کو ہراساں کیا جارہا ہے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرکے خواتین اساتذہ کیساتھ ہتک آمیز سلوک کیاجارہا ہے،احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ ہیڈمسٹریس کی جانب سے حاملہ خاتون ٹیچر بشری کو میٹرنٹی رخصت نہ دئیے جانے کے باعث خاتون استاد کا نویں ماہ اسقاط حمل بھی ہوگیا ہی.احتجاجی خواتین اساتذہ کیمطابق درخواستوں کے باوجود بھی محکمہ تعلیم کے آفیسران نے شکایات کا نوٹس نہیں لیا.دوسری جانب سکول میں محبوس احتجاجی اساتذہ سے مذاکرات کے لیے سی ای او ایجوکیشن مسعود ندیم گرلز ھائی سکول خورشید آباد پہنچ گئے،سی ای او ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ معاملے کی انکوائری کے بعد ہی خواتین اساتذہ کی شکایات کا ازالہ کیا جا سکے گا۔