مظفرگڑھ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 مئی2019ء) ضلعی انتظامیہ کی زبردستی رمضان بازار کامیاب کرنے کی کوشش، بازار میں سستا کریانہ سٹال نہ ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ نے میونسپل کمیٹی کی کوڑا اٹھانے والی ٹرالیوں پر یوٹیلیٹی سٹور سے زبردستی سامان اٹھا لیا، یوٹیلیٹی سٹور کا عملہ اسسٹنٹ کمشنر کی منتیں کرتا رہا مگر انہوں نے لاکھوں روپے مالیت کا کھانے پینے کا سامان ناپاک ٹرالیوں میں ڈال کی رمضان بازار پہنچا دیا، مظفرگڑھ شہر میں قائم رمضان بازار میں سستے گروسری کا سٹال نہ لگ سکا تھا جس پر اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ ظہور بھٹہ نے میونسپل کمیٹی کے عملے کے ہمراہ فیاض پارک کی مغربی طرف قائم گورنمنٹ یوٹیلیٹی سٹور پر دھاوا بول کر لاکھوں روپے کا سامان زبردستی ٹرالیوں میں ڈال لیا یوٹیلیٹی سٹور کے انچارچ علی کے مطابق انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر ظہور بھٹہ کی منتیں کیں کہ سرکاری مال بغیر اجازت نہیں دے سکتا جس پر ظہور بھٹہ نے سٹور انچارج کی ایک نہ سنی اور بغیر کسی حساب اور گنتی کے سرکاری سٹور سے لاکھوں روپے کا کھانے پینے کا حلال سامان گند اٹھانے والی ناپاک ٹرالیوں میں ڈال کر رمضان بازار میں فروخت کے لئے پہنچا دیا دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹور حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر مظفرگڑھ نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سرکاری یوٹیلیٹی سٹور کا مال زبردستی لوٹا ہے جسکا ثبوت موجود ہے جبکہ متاثرہ سٹور کے انچارج علی نے صحافیوں کو بتایا کہ رمضان بازار میں سامان لانے سے پہلے یوٹیلیٹی سٹور میں 21 لاکھ کا سامان موجود تھا تاہم اب معلوم نہیں کہ کتنا سامان رمضان بازار میں گیا ہے لیکن ہزاروں روپے مالیت کا سامان ضائع ہو گیا ہے کیونکہ اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر کھانے پینے اور استعمال کی اشیاء کو اٹھا کر گندی ٹرالیوں میں پھینکا گیا تھا اطلاعات کے مطابق چوک قریشی اور خانگڑھ کے یوٹیلیٹی اسٹورز کو بھی اسسٹنٹ کمشنر کے حکم پر اسی طرح کی کاروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر ظہور بھٹہ سے رابطے کی کوشش کی گئی مگر ان سے رابطہ نہیں ھو سکا۔