مظفرگڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 07 جنوری2019ء) ضلع انتظامیہ نے ضلع مظفرگڑھ کے نئے لوگو ( نشان )کی تخلیق کیلئے ضلع کے شہریوں سے تجاویز طلب کی ہیں، اس حوالے سے ضلع کے تمام شہریوں ، طالب علموں ، تخلیق کاروں اور ہر طبقہ فکر کے لوگوں سے آرا ء لینے کا فیصلہ کیا ہے ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور نے کہا ہے کہ لوگو مظفرگڑھ کی تاریخ ، ثقافت، معیشت اور جغرافیہ کا آئینہ دار ہونا چاہیے، جو مظفرگڑھ کی شناخت اور پہچان بنے، انہوں نے کہا کہ لوگو غیر روائتی، منفرداور جدید ہونا چاہیے، جس میں جدت اور قدامت کا امتزاج ہو۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کا استعمال ، سرکاری دستاویزات، سرکاری سٹیشنری اور خط و کتابت ، سرکاری عمارات، یونیفارم، مہروں اور ویب سائٹ پر کیا جائیگا، انہوں نے کہا کہ لوگو انتخاب کے مقا بلے میں شرکت کیلئے ضلع کے تمام شہریوں کو دعوت عام ہے ، بچے ، بوڑھے ، مرد و خواتین ، طالب علم اور ملازمت پیشہ لوگ سمیت ہر طبقہ فکر کے لوگ شرکت کرسکتے ہیں، اس کیلئے محض تخلیقی ذہن ہونا شرط ہے۔انہوں نے کہا کہ پروفیشنل، طالب علم اور تخلیق کار کی کیٹگری میں پہلی تین پوزیشن حاصل کرنے والے افراد کو انعام اور سرٹیفکیٹ دیا جائے گا، انعام سے بالا تر ہوکر پوزیشن حاصل کرنے والے کو شناخت اور اعزاز ملے گا۔ اس مقابلے میں شرکت کرنے والے افراد اپنے ڈیزائن کے حوالے سے آئیڈیاز اور تجاویز بذریعہ ڈاک ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسرمظفرگڑھ کو پندرہ دن کے اندر 22جنوری تک بھیج سکتے ہیں، اس کے علاوہ اپنے ڈیزائن diomuzaffargarh@gmail.comپر میل یا 0334-9992223پر وٹس ایپ بھی کرسکتے ہیں۔