مظفر گڑھ ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 09 اپریل2019ء) ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ و چئیرمین گورننگ باڈی نے سردار کوڑے خان پبلک سکول مظفرگڑھ کے اساتذہ پر ٹیوشن پڑھانے ، پرائیویٹ اکیڈمی بنانے اور چلانے پر پابندی عائد کردی ہے اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ کے دفتر سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سردار کوڑے خان پبلک سکول کبھی شہر کا سب سے نامور تعلیمی ادارہ تھا مگر اب کچھ برسوں سے یہ ادارہ اپنا ماضی کا اعزاز برقرار رکھنے میں کامیاب نہیں رہا اس کی تنزلی کی دیگر بہت سی وجوہات کے ساتھ ساتھ ایک اہم وجہ اس سکول کے اساتذہ کا پرائیویٹ اکیڈمیاں چلانا اور ٹیوشن پڑھانا ہے جو کہ سکول کے قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے کیونکہ جب کسی ٹیچر کو بھرتی کیا جاتا ہے تو ملازمت کی شرائط میں ایک اہم شرط یہ بھی ہے کہ وہ کسی پرائیویٹ اکیڈیمی میں نہیں پڑھائے گا اور نہ ہی سکول کے بچوں کو ٹیوشن پڑھائے گا۔اس کے برعکس کوڑے خان پبلک سکول کے اساتذہ پرائیویٹ اکیڈمیاں چلارہے ہیں اور بچوں کو ٹیوشن پڑھا رہے ہیں اس سے سکول میں انکی دلچسپی کم ہو گئی ہے لٰہذا ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ و چئیرمین گورننگ باڈی سردار کوڑے خان پبلک سکول نے ٹیچنگ سٹاف پر ٹیوشن پڑھانے پر پابندی عائد کردی ہے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت تادیبی کاروائی کی جائے گی اور ملازمت سے ہٹایا بھی جا سکتا ہی.اس سلسلے میں سکول کے ٹیچنگ سٹاف کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اپنی طرف سے سرٹیفیکیٹ جمع کروائیں کہ وہ ٹیوشن پڑھانے اور پرائیویٹ اکیڈمی کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے رہے ہیں۔