مظفر گڑھ میں دریائے چناب کے اندر ڈوبنے کے دو مختلف حادثات میں دو خواتین اور ایک بچی جاں بحق ہوگئی جبکہ ایک اور بچی کی تلاش جاری ہے۔
مظفر گڑھ میں خان گڑھ کے قریب موہانہ سپر بند پر بیل گاڑی اور اس پر سوار 4 خواتین سمیت 5 افراد دریائے چناب میں ڈوب گئے۔ مقامی افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت 2 خواتین کی لاشیں اور 3 افراد کو زندہ دریا سے نکال لیا۔
پولیس کے مطابق صبح تقریباً 9 بجے بستی موہانہ کی رہائشی بیل گاڑی پر سوار 4 خواتین اور ایک مرد گھاس کاٹ کر واپس گھر کی جانب جا رہے تھے کہ بیل گاڑی پھسلنے کے باعث تمام افراد بیل گاڑی سمیت دریائے چناب میں ڈوب گئے۔
دریا سے زندہ نکالے جانے والے 3 افراد کو طبی امداد کے لیے ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کردیا گیا۔ جاں بحق ہونے والی دونوں خواتین کی شناخت 25 سالہ زرینہ بی بی زوجہ رمضان اور 40 سالہ زرینہ بی بی زوجہ ریاض کے نام سے ہوئی۔
دوسرا واقعہ تحصیل علی پور ہیڈ پنجند کے قریب بستی عظمت پور میں پیش آیا جہاں پانی کے جوہڑ میں تین کم عمر بچیاں نہاتے ہوئے ڈوب گئی۔
ریسکیو کے مطابق فوری ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے ایک بچی کو زندہ اور دوسری کو مردہ حالت میں نکال لیا گیا جبکہ تیسری بچی کی تلاش جاری ہے۔ تینوں بچیاں آپس میں کزن لگتی ہیں جن کی عمر 10 سے 12 سال بتائی گئی ہے۔
ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ ہیڈ پنجند کے قریب واقع پانی کے جوہڑ میں آج معمول سے زیادہ پانی موجود تھا۔
ریسکیو 1122 نے بروقت واٹر سرچ آپریشن کرتے ہوئے ایک بچی کی لاش کو تلاش کرنے کے بعد لواحقین کے حوالے کر دیا۔