مظفر گڑھ۔ (مظفر گڑھ ڈاٹ سٹی۔ 29 مئی2017ء)کمشنر ڈیرہ غازی خان احمد علی کمبوہ نے کہا ہے کہ ضلع میں قائم تمام رمضان بازاروں میں اشیاء خورونوش ، سبزی، پھل ، گوشت ، مرغی ، انڈے و دیگر ضروریات زندگی کی سستے داموں اور وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنایا جائے ، یہ بات انہوں نے تحصیل جتوئی میں قائم رمضان بازار کا معائنہ کرتے ہوئے کہی،اس موقع پر ڈپٹی کمشنر مظفرگڑھ محمد سیف انور بھی ان کے ہمراہ تھے، کمشنر نے کہا کہ تمام رمضان بازاروں میں صفائی کے نظام کو بہتر اور اشیاء خورونوش کے سٹالوں پر نرخ نامہ نمایاں طور پر لگایا جائے ، انہوں نے کہا کہ اشیاء خوردونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے ، ہر رمضان بازار میں انتظامیہ اس بات کو یقینی بنائے کہ رمضان بازار میں آنیوالی تمام اشیاء معیاری اور تازہ ہوں نیز رمضان بازار کی سکیورٹی بھی فول پروف بنائی جائے ، اس موقع پر ڈپٹی کمشنر محمد سیف انور نے بتایا کہ ضلع بھر میں 8رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں، جو صبح 9بجے سے شام 6بجے تک کھلے رہتے ہیں، ان رمضان بازاروں میں معیاری اشیاء خوردونوش ، تازہ سبزی اور پھل ، تازہ گوشت کے علیحدہ علیحدہ سٹال لگائے گئے ہیں جبکہ صفائی کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کے عملی اقدامات کئے گئے ہیں، ہر رمضان بازار میں میڈیکل اورریسکیو 1122کی سہولت سمیت پارکنگ کی مناسب سہولت فراہم کی گئی ہے، بعد ازاں کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے رمضان بازار میں قائم مختلف اشیاء خورونوش کے سٹالوں کا معائنہ اور اشیاء کاجائزہ لیا، انہوںنے دکانداروںکو ہدایت کی کہ وہ روزانہ تازہ سبزیاں ، پھل اور دیگر اشیاء کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔